حضور اکرم ۖکی آفاقی تعلیمات دکھی انسانیت کیلئے خوشیوں کی نوید ہیں: دردانہ صدیقی
Tweet Followراولپنڈی(محمدارشدسے)خواتین جماعت اسلامی کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی آفاقی تعلیمات دکھی انسانیت کیلئے خوشیوں کی نوید ہیں اخوت اورامن وخیرسگالی کی فضاقائم کرنےکیلئے اسوہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی ضروری ہے،اللہ تعالی نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بناکر مبعوث فرمایا،حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے ربیع الاول میں عشرہ سیرت النبی کے موقع پراپنے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ اہل اسلام تعلیمات نبوی صلی اللہ علیہ وسلم سے اپنا رشتہ مزید مضبوط بناکر اپنے معاشرے ہی کو نہیں بلکہ اس کرہ ارض کو جنت نظیر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں،اگر تاجدار مدینہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کی روشنی میں اپنی ذات سے لےکر معاشرے تک پھیلے ہوئے ہر ہرمرحلے میں اصلاح کا عمل شروع کر دیا جائےتو دیکھتے ہی دیکھتے ہمارے مسائل دم توڑجائیں گےاورمعاشرہ جنت کانمونہ بن جائےگا۔انہوں نے کہاکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی آفاقی تعلیمات دکھی انسانیت کیلئے خوشیوں کی نوید ہیں۔انہوں نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت سے انسانیت کو شخصی غلامی سےاوردنیا کو کفر و الحادکے اندھیروں سے نجات ملی، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت اوربعثت مبارک انسانیت کیلئےاللہ کا احسان عظیم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نےایک ایسی نسل تیارفرمائی جس نےساری دنیا میں اسلام کے منصفانہ اورعادلانہ قوانین کا درس دیااور جب تک یہ نظام بالا دست رہااقوام عالم کوعدل وانصاف،مساوات اور مذہبی رواداری کے وہ مناظردکھاتا رہاجسے دیکھنےکیلئےآج ہماری آنکھیں منتظر ہیں۔دردانہ صدیقی نے کہا کہ ہمیں عشرہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم اس بارعزم تحفظ ختم نبوت کے جذبے کے ساتھ منانا چاہیے،عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ختم نبوت حلف نامہ میں نقب لگانے کی سازش ناکام بناکر ثابت کردیا کہ پاکستانی قوم کیلئے ناموس رسالت سے بڑھ کرکوئی چیز نہیں،ضرورت اس امرکی ہے کہ پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ حسنہ کو انفرادی اوراجتماعی سطح پراپنایا جائے،ہمیں اپنی زندگی کوسنت مطہرہ کےسانچے میں ڈھالنے کی ہرممکن کوشش کرنی چاہیے۔