Thursday, 21 November 2024
img
تحقیقاتی اور ڈیجیٹل صحافت کی دنیا میں انقلابی قدم --- اس کی کوریج ، جس کی کوئی کوریج نہیں کرتا --- ظلم ، ناانصافی کے خلاف برسرِپیکار
img

پاکستانی پریشان نہ ہوں ، امریکہ میں بھی پٹرول فی لٹر 220 سے بڑھ گیا

 امریکہ میں پیٹرول کی قیمت پہلی مرتبہ پانچ ڈالر فی گیلن سے بڑھ گئی ہے۔خبر رساں ادارے  کے مطابق سنیچر کو پیٹرول کی قیمت 5 ڈالر فی گیلن سے بڑھ گئی جبکہ ایک دن پہلے یہ قیمت اوسطا 4.9 ڈالر فی گیلن تھی۔

خیال رہے کہ امریکہ میں ایک گیلن میں پونے چار لیٹر ہوتے ہیں۔

پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتیں امریکی صدر جو بائیڈن اور ان کی جماعت ڈیموکریٹ پارٹی کے لیے سر دردی کا باعث بن گئی ہیں، بالخصوص ایسے وقت میں جب رواں سال نومبر میں وسط مدتی انتخابات بھی متوقع ہیں۔

صدر بائیڈن پیٹرول کی قیمتوں پر قابو پانے کی غرض سے کئی اقدامات کر چکے ہیں۔

اس دوران انہوں نے امریکی سٹریٹیجک ذخائر میں سے تیل جاری کیا، موسم گرما میں پیٹرول کی پیداوار کے لیے لاگو قواعد پر استثنیٰ دیا اور تیل برآمد کر نے والے ممالک کی تنظیم اوپیک پر بھی انحصار کیا کہ وہ تیل کی پیداوار میں اضافہ کریں گے۔

ان تمام اقدامات کے باوجود دنیا بھر میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ  طلب میں اضافہ، روس پر پابندیاں اور خام تیل صاف کرنے کی صلاحیت میں کمی ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق امریکہ میں اگر پیٹرول کی قیمت پانچ ڈالر فی گیلن سے زیادہ پر برقرار رہی تو عام صارفین کی طلب میں کمی بھی واقع ہو سکتی ہے۔

ایک سال پہلے تک امریکہ میں پیٹرول کی اوسط قیمت 3.07 ڈالر تھی جس میں اب تک 62 فیصد کا اضافہ ہو چکا ہے۔


 تیل کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ پیٹرول کی قیمتیں بھی بتدریج بڑھتی رہی ہیں۔

کورونا کے ابتدائی دنوں میں تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی تھی لیکن معاشی سرگرمیاں معمول پر آنے کے بعد ایک مرتبہ پھر قیمتیں بڑھنا شروع ہو گئیں۔

رواں سال فروری میں روس کے یوکرین پر حملے اور معاشی پابندیوں کے بعد ایک مرتبہ پھر تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ 

برطانوی دارالحکومت لندن اور امریکی شہر نیویارک میں فی بیرل خام تیل کی موجودہ قیمت 120 ڈالر ہے۔

امریکہ میں سال 2021 کے مقابلے میں رواں سال مئی کے دوران  پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 35 فیصد زیادہ تھیں۔ اس سے صارفین کے استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں مجموعی طور پر اضافہ ہوا ہے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال مئی میں 8.6 فیصد زیادہ تھیں۔ اس سال امریکہ میں مہنگائی کا 40 سالہ ریکارڈ ٹوٹا ہے۔