Sunday, 22 December 2024
img
تحقیقاتی اور ڈیجیٹل صحافت کی دنیا میں انقلابی قدم --- اس کی کوریج ، جس کی کوئی کوریج نہیں کرتا --- ظلم ، ناانصافی کے خلاف برسرِپیکار
img

گومل یونیورسٹی میں اکیڈمکس ریفارمز کا روڈ میپ تیار 'اگلے سمسٹر سے لاگو کیا جائیگا:وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد

ڈیرہ اسماعیل خان(راجہ عالم زیب) گومل یونیورسٹی میں اکیڈمکس ریفارمز کا روڈ میپ تیار ہے اور اس کو اگلے سمسٹر سے لاگو کیا جائے گا،ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے گومل یونیورسٹی میں اکیڈمکس ریفارمز لاگو کرنے کے حوالے سے زور دیتے ہوئے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رجسٹرار سمیت، تمام شعبہ جات کے ڈینز، ڈائریکٹر ، سربراہان اور انتظامی افسران شامل تھے۔وائس چانسلر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ پاکستان میں حقیقی تبدیلی صرف اور صرف اکیڈمکس ریفارمز کے ذریعے ہی لائی جا سکتی ہے ۔


اگر یونیورسٹیاں اچھی تعلیم دیں گی تو بہترین ڈاکٹرز، انجنیئرز، وکیل ، سائنسدان و غیر ہ پیدا ہونگے اور ہمارے تعلیمی اداروں، ہسپتالوں، کالجوںسمیت دیگر تمام محکموں کی کارکردگی بہتر ہو جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے استاد کے پیشہ کا انتخاب خود کیا ہے لہٰذا ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ طلباء کو بہترین تعلیم کی فراہمی ہماری ترجیحات ہونی چاہئے۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ سمسٹر سسٹم کا دارومدار علم پرہے اور علم کی بنیاد کتاب ہے۔ لہٰذا تمام اساتذہ اپنی اپنی کلاسوں میں طلباء پر سختی کریں کہ وہ اپنے متعلقہ مضمون کی کتاب ساتھ لائیں ۔ انہوں نے مزید کہاکہ گومل یونیورسٹی کی ساکھ کو بہتر بنانے کیلئے معیار تعلیم پرکسی بھی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ اس کیلئے اساتذہ کو خصوصی طور پر کام کرنا ہے اور کسی سے ڈرنا نہیں ہے ۔کیونکہ ہمارا مقصد اپنی ذمہ داری اور فرائض کو پورا کرنا ہے ۔


ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ ہر شعبہ کے سربراہ اپنے الومینائی کا پروگرام بنائے اور اس حوالے سے ہر شعبہ ایک اعلامیہ بھی جاری کرے ۔ میٹنگ میں 14اگست کے پروگرام کے حوالے سے گومل یونیورسٹی کی گولڈ ن جوبلی تقریبات کو شروع کرنے کے حوالے سے بھی بات ہوئی۔