Thursday, 21 November 2024
img
تحقیقاتی اور ڈیجیٹل صحافت کی دنیا میں انقلابی قدم --- اس کی کوریج ، جس کی کوئی کوریج نہیں کرتا --- ظلم ، ناانصافی کے خلاف برسرِپیکار
img

آل پارٹیز کانفرنس ڈیرہ نےگومل یونیورسٹی کی تقسیم کومستردکردیا

 محمد ریحان

 ڈیر ہ اسماعیل خان:آل پارٹیز کانفرنس ڈیرہ نے گومل یونیورسٹی کی تقسیم کو مستردکردیا، زرعی یونیورسٹی قائم ہونی چاہئے تاہم حکومت اس کیلئے الگ سے مراعات و سہولیات فراہم کرے، مالی خسارے کی صورتحال میں یونیورسٹی کے اثاثوں کا بٹوارہ یونیورسٹی کے خاتمہ کی سازش کے تابوت میں آخری کیل ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار آل پارٹیز کانفرنس ڈیرہ کے زیر اہتمام'' گومل یونیورسٹی کی تقسیم، نامنظور''کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے مقررین نے کیا۔


اس موقع پر کانفرنس کے مہمان خصوصی جمعیت علمائے اسلام کے سابق امیدوار سٹی میئر تحصیل ڈیرہ و آل کریانہ ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ کفیل احمد نظامی، سابق چیئرمین ڈیڈک کمیٹی نوابزادہ سمیع اللہ خان علیزئی، سابق امیدوار قومی اسمبلی سید علی رضا شاہ تھے جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض معروف کالم نگار اسلم اعوان نے انجام دیئے۔ کانفرنس سے سابق ممبر صوبائی اسمبلی نوابزادہ مظہر جمیل خان علیزئی، معروف کالم نگاراسلم اعوان، ابو المعظم ترابی، مرکزی انجمن تاجران کمرشل مارکیٹ کے صدر چوہدری جاوید اختر،معروف عالم دین قاری گل زمان، مرکزی تاجر اتحاد کے صدر حامد علی رحمانی، نیشنل لیبر فیڈریشن کے رہنما حاجی خالد ناز، گومل یونیورسٹی کے رہنما عثمان شاہ، تاجر رہنما شریف چوہان، چوہدری آصف نے بھی خطاب کیا۔


اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کفیل احمد نظامی نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کا قیام ڈیرہ والوں کا دیرینہ مطالبہ ہے ، زرعی یونیورسٹی کے قیام کے حق میں ہیں لیکن گومل یونیورسٹی کی تقسیم کی بنیاد پر یہ ہرگز قبول نہیں ہے۔ موجودہ صوبائی حکومت ہر محاذ پر ناکام ہے، حکومت اور اس کے نمائندوں کی کارکردگی محض تختیاں لگانے تک ہے، ڈیرہ اسماعیل خان کیلئے کوئی میگا پراجیکٹ یہ نہیں دے سکے، ڈیرہ کے مفاد کی جب بھی بات آئی ڈیرہ کی تاجر برادری اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہر حد تک جائے گی۔ دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ گومل یونیورسٹی پہلے ہی مالی خسارے کا شمار ہے، ایسے میں یونیورسٹی کے اثاثوں کی تقسیم یونیورسٹی ایکٹ اور دیگر قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ حکومت کے غیر آئینی اقدامات کیخلاف ہر فورم پر اپنی آواز بلند کرینگے۔