Thursday, 21 November 2024
img
تحقیقاتی اور ڈیجیٹل صحافت کی دنیا میں انقلابی قدم --- اس کی کوریج ، جس کی کوئی کوریج نہیں کرتا --- ظلم ، ناانصافی کے خلاف برسرِپیکار
img

نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے ایک وفدکاصدر انور رضا کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

اسلام آباد(محمدارشدسے)نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے ایک وفد نےصدر انور رضا کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیااورچیمبر کے نئے عہدیدارن کو مبارکباد پیش کی۔وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اسوقت متعدد مشکلات سے دوچار ہے جبکہ ملک بھرسے آئے روز کوئی نہ کوئی طبقہ احتجاج کیلئے اسلام آباد پہنچ جاتا ہےجس سے نہ صرف کاروباری سرگرمیاں بہت متاثر ہوتی ہے اور بزنس کمیونٹی کو نقصان اٹھانا پڑتا ہے بلکہ شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔


انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر اسلام آباد کیلئے لانگ مارچ کی باتیں ہورہی ہیں جس سے بزنس کمیونٹی تشویش کا شکار ہے۔لہذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کسی بھی احتجاج کیلئے اسلام آباد شہر سے الگ کوئی جگہ مختص کی جائے تا کہ صنعت و تجارت کو نقصان سے بچایاجاسکے اور معیشت کا پہیہ چلتا رہے۔انہوں نے تجویز دی کہ آئی سی سی آئی اور نیشنل پریس کلب ملکر معیشت کی بہتری کیلئے پالیسی پیپرز اور شفارشات تیار کریں جنکو حکومت کے ساتھ شیئر کیاجائے تا کہ حکومت انکی روشنی میں کاروبار دوستانہ پالیسیاں تشکیل دے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیمبر نے اپنے ممبران کیلئے مختلف ہسپتالوں، لیبارٹریوں اور سکولوں و کالجوں سمیت دیگر اداروں سے ڈسکاؤنٹ لئے ہوئے ہیں

اورکوشش کی جائے گی کہ یہی سہولیات نیشنل پریس کلب کے ممبران کو بھی دلوائی جائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صحافی برادری بزنس کمیونٹی کے اہم مسائل کو اجاگر کرنے میں تعاون کرے تا کہ حکومت ان کوحل کرنے پر توجہ دے۔نیشنل پریس کلب کے صدر انور رضانے کہا کہ ان کے ادارے نے چیمبر کے ساتھ ملکر ایک کامیاب استحکام معیشت کانفرنس منعقد کی تھی جس میں تمام اہم سیاسی جماعتوں کے نمائندگان نے شرکت کی تھی اور نیشنل پریس کلب آئندہ بھی چیمبر کےساتھ ملک کر کاروبار اور معیشت کی بہتری کیلئے مزید کوششیں کرے گا۔


پاکستان فیڈرل یونین آف جرنیلسٹس کےصدر افضل بٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ جس طرح دیگرطبقات کےحقوق ہیں اسی طرح اسلام آبادکے شہریوں کے بھی حقوق ہیں لیکن کسان،سرکاری ملازم اور مذہبی و سیاسی جماعتیں اسلام آباد میں آکر احتجاج کرتی ہیں جس سے اسلام آباد کے شہریوں کےحقوق  متاثرہوتے ہیں اورکاروبار کا بھی نقصان ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وجہ سے طلبا بھی نفسیاتی مریض بنتے جارہے ہیں کیونکہ احتجاج کی وجہ سے اکثر اسلام آباد کے راستے بند ہوجاتے ہیں جبکہ مریضوں کو شدید مشکلات درپیش ہوتی ہیں، لہذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد کو ہرقسم کے احتجاج سے پاک کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی پالیسی کو نیشنل سیکیورٹی کونسل کے اجلاس میں طے کیا جائے کیونکہ اس میں تمام سٹیک ہولڈرز موجود ہوتے ہیں۔انہوں نےکہا کہ اس کا یہ فائدہ ہوگا کہ حکومت تبدیل ہونے سے معاشی پالیسی کا تسلسل جاری رہےگااور کوئی بھی وزیرخزانہ اپنی مرضی سے معاشی پالیسی کو تبدیل نہیں کرےگا۔چیمبر کے نائب صدراظہر الاسلام ظفر، نیشنل پریس کلب کے سیکرٹری جنرل راجہ خلیل، نائب صدراظہرجتوئی، فنانس سیکرٹری نیئر علی، طارق چوہدری، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس کے سابق صدر دارو خان، ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر قاضی اکبر، جہلم چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے گروپ لیڈر راجہ انور، خالد چوہدری اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہارکیا۔


دونوں اداروں نے اس بات پراتفاق کیا کہ وہ بزنس کمیونٹی اورصحافی برادری کے مفادات کے تحفظ اور معیشت کی بہتری کیلئے ملکر کام کریںنگے تا کہ پاکستان کو مشکلات سے نکال کر بہتری کی راہ پرگامزن کیاجاسکے۔