Sunday, 22 December 2024
img
تحقیقاتی اور ڈیجیٹل صحافت کی دنیا میں انقلابی قدم --- اس کی کوریج ، جس کی کوئی کوریج نہیں کرتا --- ظلم ، ناانصافی کے خلاف برسرِپیکار
img

اسحاق ڈار نے آتے ہی حاتم طائی کی قبرپر لات ماردی ،پٹرولیم مصنوعات 10سے 12.63روپے سستی

  پٹرول کی قیمت میں 12.63 روپے  اور ڈیزل کی قیمت میں 12 .13روپے کمی  

 پٹرول کی نئی قیمت 224 روپے 80 پیسے  ، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت   235 روپے 30 پیسے ہو گئی     

لائٹ ڈیزل.38 10 روپے 78 سستا ہونے کے بعد  186.50 روپے  فی لٹر ہوگیا ، مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 19 پیسے فی لٹر کمی کی گئی ہے ،  انکم  ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے، وفاقی  وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا وزیر اطلاعات کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب  


اسلام آباد(محمد ارشد سے )وفاقی  وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا جس کے تحت پٹرول 12.63 روپے  اور ڈیزل 12 .13روپے  سستاہوگیا  ۔ جمعہ کویہاںاسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں 12 روپے 63 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے 13 پیسے کمی کی جارہی ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پٹرول کی نئی قیمت 224 روپے 80 پیسے ہوگئی۔  انہوں نے کہا کہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے 13 پیسے کمی کی گئی ہے، اور اس کی نئی قیمت 247 روپے 43 پیسے سے کم ہو کر 235 روپے 30 پیسے ہو گئی ہے۔وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 78 پیسے فی لٹر کمی کی گئی ہے، اور نئی قیمت 186 روپے 50 پیسے ہو جائے گی۔ اسحاق ڈار نے مزید بتایا کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 19 پیسے فی لٹر کمی کی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مٹی کے تیل کی قیمت 10 روپے 19 پیسے فی لیٹر، فی لیٹراور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 78 پیسیفی لیٹر کمی کی گئی ہے۔نئی قیمتوں کا اطلاق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی  شب  رات 12 بجے سے ہوگیا۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ  انکم  ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کر رہے ہیں۔اس موقع پر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز فیڈرل بورڈ آف ریونیو  کا دورہ کیا تھا۔چونکہ 30 ستمبر کو پہلی سہ ماہی ختم ہوئی ہے اس لیے ٹیکس کلیکشن کی کچھ تفصیلات بتانا چاہوں گا۔ ستمبر کے مہینے میں 685 ارب روپے کی کلیکشن ہوئی ہے، پہلی سہ ماہی یعنی یکم جولائی سے 30 ستمبر کے درمیان 1635 ارب روپے کا ٹیکس جمع ہوا ہے جبکہ ہدف 1609 ارب روپے کا تھا۔وزیرخزانہ نے کہا اس مدت کے دوران 84 ارب روپے کے ریفنڈز دیے گئے ہیں جبکہ گزشتہ سال اسی سہ ماہی میں 62 ارب روپے کے ریفنڈز دیے گئے تھے۔



  الحمداللہ بالآخر عوام کو کچھ ریلیف ملا ، خوشی کی خبر ہے،مریم نواز  کا پیٹرول کی قیمت میں کمی  پر ردعمل


  مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر  مریم نواز نے پیٹرول کی قیمت میں کمی کے بعد اپنے ردعمل میں کہاکہ  الحمداللہ بالآخر عوام کو کچھ ریلیف ملا ، خوشی کی خبر ہے۔ جمعہ کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعدمسلم لیگ (ن) کی نائب صدر    مریم نواز نے بھی ٹوئٹ کرکے اپنا ردعمل دیا  ۔اپنی ٹوئٹ میں مریم نے کہا کہ الحمداللہ بالآخر عوام کو کچھ ریلیف ملا۔ انہوں نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ خوشی کی خبر ہے۔